فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کی انرجی سٹینڈنگ کمیٹی کے کنوینر ملک خدا بخش نے کہا ہے کہ چین کے تعاون سے ملک میں 3000 الیکٹرک وہیکل (ای وی) چارجنگ اسٹیشن قائم کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں معروف چینی کمپنی اور حکومت پاکستان کے ساتھ معاہدہ کیا گیا ہے جس کے تحت پشاور سے کراچی تک موٹر وے کے ساتھ ساتھ ای وی اسٹیشن قائم کیے جائیں گے۔ اس معاہدے سے ملک میں تقریباً 350 ملین ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری کی توقع ہے۔
کراچی میں ایف پی سی سی آئی کے ہیڈ آفس میں پاکستان کے الیکٹرک ٹرانسپورٹیشن سیکٹر میں پیش رفت کو اجاگر کرنے اور ایف وی فلیش چارجنگ اسٹیشن متعارف کرانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک خدا بخش نے مزید وضاحت کی کہ ای وی اسٹیشنز کے قیام کے لیے ابتدائی سرمایہ کاری 90 ملین ڈالر ہوگی۔
فروری 2025 میں مینوفیکچرنگ میں 250 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ ملک خدا بخش نے مزید کہا کہ الیکٹرک وہیکل چارجنگ سٹیشن کی افتتاحی تقریب جلد منعقد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ای وی چارجنگ سٹیشنز کے قیام سے نہ صرف پاکستان میں ایندھن کی درآمدات میں کمی آئے گی اور ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر کی بچت ہو گی بلکہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے میں بھی مدد ملے گی۔
پاکستان کے توانائی کے شعبے میں چینی سرمایہ کاروں کی دلچسپی کے حوالے سے ملک خدا بخش نے کہا کہ چینی سرمایہ کار نئی سرمایہ کاری کے لیے پاکستان آ رہے ہیں۔ وہ حکومت پاکستان، حکومت سندھ اور نجی شعبے کے ساتھ سرمایہ کاری کے مواقع اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کر رہے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں توانائی کا شعبہ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے خاص طور پر تھر کول فیلڈ اور متبادل توانائی کے شعبوں میں پرکشش مواقع فراہم کرتا ہے۔