پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی پیرس کیلئے براہ راست پروازیں بحال کردی گئیں ہیں اور اگلے ماہ جنوری سے پی آئی اے کی پیرس کے لیئے براہ راست پروازوں کا آغاز ہو جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق قومی ائیرلائن پر یورپ کے لیئے پابندیاں ختم ہونے کے بعد جنوری 2025 میں پیرس کیلئےبراہ راست پروازیں دوبارہ شروع کررہی ہے،فرانس میں پاکستان کے سفیر عاصم افتخار احمد نے حال ہی میں پی آئی اے کے مارکیٹنگ کے نمائندوں سے ملاقات کی اور پیرس کے لیے براہ راست پروازوں کے آغاز کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا۔
اتوار کو جاری ہونے والی ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ”پاکستان اور فرانس کے درمیان براہ راست پروازیں سفر میں سہولت فراہم کریں گی، اور کاروبار، سیاحت، خاندانی دوروں اور عوام کے درمیان رابطوں کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوں گی۔“