محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی شدت برقرار ہے اور موسم شدید سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موجودہ سردی کی لہر 15 دسمبر تک جاری رہے گی جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں مزید بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
شمالی علاقوں میں بارش اور شدید برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ۔ وادی ہنزہ میں شاہراہ قراقرم برفباری کے باعث بند ہو گئی جبکہ کوئٹہ، اسکردو، مالم جبہ، چترال اور دیر میں درجہ حرارت منفی 4 تک گر گیا۔
آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری جاری ہے، جہاں پہاڑوں پر 2 فٹ سے زائد برف گر چکی ہے، جس کے نتیجے میں سردی مزید بڑھ گئی ہے۔
گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں بھی برفباری سے نظام زندگی متاثر ہوا ہے۔ ضلع استور میں برفباری کے باعث نقل و حمل محدود ہو گئی ہے جبکہ خیبر پختونخوا کے علاقوں بابوسر ٹاپ، نانگا پربت اور بٹو گاہ میں بھی برفباری جاری ہے۔
پنجاب کے شہروںبشمول لاہور، میں بھی سردی کی شدت بڑھ گئی ہے، جبکہ بلوچستان کے علاقے، جن میں کوئٹہ، قلات، چمن، قلعہ عبداللّٰہ، پشین اور زیارت شامل ہیں، شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں، جہاں پانی پائپوں میں جم گیا ہے۔
کراچی میں بھی سرد ہوائیں چلنے سے درجہ حرارت کم ہو کر 11 ڈگری تک پہنچ گیا ہے، جس کے باعث شہر میں سردی کی شدت میں اضافہ محسوس کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب لاہور آج ملک کے سب سے آلودہ شہروں میں شامل ہے، جہاں صبح کے وقت ایئر کوالٹی انڈیکس 253 ریکارڈ کیا گیا، جو صحت کے لیے مضر ہے۔