سینیٹر فیصل واؤڈا نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے حوالے سے کہا ہے کہ بہت دیر ہو چکی ہے اور اب عمران خان اتنی جلدی جیل سے باہر نہیں آئیں گے۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹر فیصل واؤڈا نے نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی جلد ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ایک اور کیس ہے جب سامنے آئیگا تو بانی پی ٹی آئی کے پیروں کے نیچے سے زمین نکل جائے گی۔
سینیٹر فیصل واؤڈا نے کہا کہ فیض حمید نے عمران خان کے حوالے سے شواہد اور ثبوت دے دیئے ہیں ۔ انہوں نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی پر قاتلانہ حملے کا کیس بہت اہم ہے، ایک اور کیس ہے جب سامنے آئیگا تو بانی پی ٹی آئی کے پیر کے نیچے سے زمین نکل جائے گی، بات چیت کے ذریعے ہی اسپیس بنانی پڑتی ہے اور نکالنا پڑتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا مینڈیٹ کے پی میں چوری کیا گیا اس کا ازالہ کوئی نہیں، بانی پی ٹی آئی پر قاتلانہ حملے سے پہلے انھیں بتایا تھا کہ آپ پر فائرنگ ہوگی، بانی پی ٹی آئی پر قاتلانہ حملے کے بینفشری کون تھے، فائدہ کس کو ہونا تھا ، لیپ ٹاپ ، فون اور فیض حمید کے سہولت کار شواہد دینگے تو سب سامنے آجائیگا۔
بانی پی ٹی آئی پر قاتلانہ حملے میں ایک اور نام بھی شامل ہے وہ بھی سامنے آئیگا ، وہ نام آج کل بانی پی ٹی آئی کے بہت قریب ہے وہ بھی قاتلانہ حملے میں ملوث تھا ، قمر باجوہ پر بھی الزام لگا سکتے ہیں لیکن جب دو طاقتور مل جائیں تو پھر مشکل ہوتی ہے۔
فیصل واؤڈا نے کہا کہ وزیراعظم اور ڈی جی آئی ایس آئی ایک ہوجائیں تو آرمی چیف کیا کرسکتے تھے، بانی پی ٹی آئی نے فیض حمید کو بھرپور استعمال کیا، آرمی چیف کو کریڈٹ دینا چاہیے کوئی طاقتور انصاف کے کٹہرے سے بچ نہیں سکتا، مراد سعید ، حماد اظہر کیوں بھگوڑے ہیں کیوں سامنے نہیں آتے، ن لیگ میں ایسے بہت سے اچھے چہرے تھے جو اب ن لیگ کا حصہ نہیں، نواز شریف کا ایک مسئلہ ہے کہ وہ ہمیشہ ایک دوسرے پر الزامات لگائیں گے۔
سربراہ پی ایم ایل این نواز شریف کے حوالے سے سینیٹر فیصل واؤڈا نے کہا کہ وہ حکمران جماعت کے سربراہ ہیں لیکن بالکل خاموش ہیں اور کوئی بیان نہیں دیتے۔ پاکستان تحریکِ انصاف کی سول نافرمانی تحریک کے حوالے سے سینیٹر فیصل واؤڈا نے کہا کہ فیض حمید کے ٹرائل کے بعد سول نافرمانی کی تحریک سے بالکل ہوا نکل چکی ہے۔
انہوں نے کہا بانی پی ٹی آئی اب اچھی سوچ رکھتے ہیں اور اپنی قیادت کو بات چیت آگے بڑھانے کے حوالے سے کہہ رہے ہیں جو مثبت امر ہے۔ سینیٹر فیصل واؤڈا نے انکشاف کیا کہ پی ٹی آئی سوشل میڈیا ٹیم جلد ایک مہم شروع کرنے والی ہے جس میں تمام تر برائیوں کا مرکز باجوہ کو ٹھہرائیں گئے۔