پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما نبیل گبول نے دعویٰ کیا ہے کہ اگر ان کی پارٹی اپنی حمایت واپس لے لیتی ہے تو حکومت محض پانچ منٹ میں گرسکتی ہے۔
آزاد ڈیجیٹل کے پوڈ کاسٹ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے نبیل گبول نے کہا کہ شہباز شریف ایک اچھے انسان ہیں، مگر ان کے ارد گرد جو وزیروں کی ٹیم ہے، جن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ فارم 47 کے وزیر ہیں ،خاص طور پر وہ وزیروں کے جو ہمیشہ وزیر بنتے رہتے ہیں، ان کو چاہیے کہ وہ شہباز شریف کو صحیح مشورے دیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی اپنی حمایت واپس لے لے، تو حکومت کا خاتمہ فوراً ہو جائے گا، اور یہ حقیقت شہباز شریف بھی جانتے ہیں۔ نبیل گبول نے مزید کہا کہ اگر شہباز شریف کو نواز شریف کی طرح سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرنی ہو، تو انہیں پیپلز پارٹی کے سوالات کا جواب دینا ہوگا۔
نبیل گبول نے اس بات کی بھی وضاحت کی کہ پیپلز پارٹی اپنے 70 ارکان کے ساتھ اس بات کا فیصلہ کرے گی کہ کس کی حمایت کرنی ہے، اور ان کے فیصلے کے مطابق آگے بڑھیں گے۔