سرکاری ملازمین کی ریٹائرمنٹ کی عمر 55 سال کرنے کی کوئی تجویز زیرغور نہیں، وفاقی وزیرخزانہ نے واضح کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹرسلیم مانڈوی والا کی زیرصدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کے اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین کی ریٹائرمنٹ کی عمر 55 سال کرنے کی کوئی تجویز زیرِ غور نہیں ہے۔ انہوں نے مہنگے بیرونی کمرشل قرضے لینے کا تاثر بھی رد کردیا اور کہا اب ہم تب قرض لیں گے جب ضرورت ہوگی۔ کمرشل بینکوں سےکوئی بھی قرض ہم اپنی شرائط پرلیں گے۔
وزیر خزانہ نے بتایا کہ بیرونی فنانسنگ کا گیپ پورا کر لیا گیا ہے، آئندہ جو بھی قرض لیں گے کمیٹی کو ہرچیز صاف شفاف بتائیں گے۔ انہوں نے انٹرنیشنل کیپٹل مارکیٹ سے جلد رجوع کرنے کا بھی عندیہ دیا ہے اورکہا کہ رواں مالی سال پانڈا بانڈ کے اجراء کا پلان ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان میں صنعتی اشاریوں میں بھی بہتری آنا شروع ہوگئی ہے۔ گاڑیوں کی فروخت میں سالانہ بنیاد پر 49فیصد اضافہ ہوا ہے۔آئی ایم ایف کا نیا پروگرام ایک طویل اور بڑا پروگرام ہےاور اس نئے پروگرام میں کچھ اضافی شرائط بھی شامل ہیں۔ آئی ایم ایف کیساتھ کلائمیٹ فنانسنگ پر بھی بات چیت جاری ہے اور اس مقصدکیلئے منصوبوں کی نشاندہی کرنا ہوگی۔