ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے 20 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دیدی

ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان  کیلئے  20 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دیدی

ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان میں بجلی کے ترسیلی نظام کو بہتر بنانے کے لیے 20 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی ہے۔

اے ڈی بی کے اعلامیے کے مطابق یہ رقم بجلی کی تقسیم کے نظام میں جدت لانے اور تقسیم کار کمپنیوں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے استعمال کی جائے گی۔ ابتدائی طور پر تین کمپنیاں، لیسکو، میپکو اور سیپکو، اس منصوبے کا حصہ ہوں گی اور اپنے علاقوں میں پائیدار توانائی کی فراہمی میں کردار ادا کریں گی۔

منصوبے کے تحت 3 لاکھ سے زائد ایڈوانسڈ میٹرنگ انفراسٹرکچر نصب کیا جائے گا، جبکہ ڈیٹا مینجمنٹ اور کمیونیکیشن سسٹمز کی تنصیب بھی شامل ہے۔ ساڑھے 15 ہزار سے زائد ٹرانسفارمرز پر آن لائن مانیٹرنگ سسٹمز نصب کیے جائیں گے جو لاہور، ملتان اور سکھر الیکٹرک سپلائی کمپنیز کے علاقوں میں کام کریں گے۔ سیپکو کے چار گرڈ اسٹیشنز کا وولٹیج 66 کے وی سے بڑھا کر 132 کے وی کیا جائے گا تاکہ ترسیلی نقصانات کم کیے جا سکیں اور بجلی کی طلب کو پورا کیا جا سکے۔

لیسکو میں کم از کم 25 گرڈ اسٹیشنز تعمیر اور جدید کیے جائیں گے، جن میں جدید آلات نصب ہوں گے۔ زیادہ نقصانات والے 11 کے وی فیڈرز کو جدید کیبلز سے تبدیل کیا جائے گا اور ان کی ترتیب کو بہتر بنایا جائے گا۔ ان اقدامات کا مقصد بجلی کے شعبے میں مالی نقصانات کو کم کرنا اور ترسیلی نظام کو مضبوط بنانا ہے تاکہ بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کیا جا سکے۔

واضح رہے کہ چند دن پہلے اے ڈی بی نے پاکستان کو 8 کروڑ 62 لاکھ ڈالر کا ترقیاتی قرض فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *