پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے نصف درجن رہنماؤں کو پشاور ہائیکورٹ سے حفاظتی اور رہدادای ضمانتیں مل گئیں۔
پشاور ہائیکورٹ میں یہ درخواستیں جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ اور جسٹس وقار احمد کی بنچ نے سنی۔ عدالت نے درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے 24 دسمبر تک کسی بھی مقدمے میں درخواست گزاروں کو گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا اور متعلقہ اداروں سے جواب طلب کیا۔
عدالت نے درخواست گزاروں کو 2 ہفتے تک حفاظتی ضمانت دیتے ہوئے کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا۔ ان درخواستگزاروں میں اسد قیصر، شاندانہ گلزار، ساجد خان مہمند، فضل محمد، محمد احمد چھٹاں، چوہدری آصف علی، ایم این اے محبوب، سلیم شاہ، اور صاحبزادہ سبغت اللہ شامل ہیں۔
عدالت نے پنجاب کے درخواست گزاروں کو اسلام آباد یا لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کی۔ درخواست گزاروں کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ممبران قومی اسمبلی اپنے گھروں تک نہیں جا سکتے، جس پر عدالت نے ان کے تحفظات پر غور کرتے ہوئے فیصلہ سنایا۔