وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں ہنگامہ آرائی کرنے والوں کے خلاف کارروائی تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کو بھی یہ اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ انتشار پھیلا کر مستحکم ہوتی معیشت کو سبوتاژ کرے۔
سوموارکے روز امن و امان کی صورتحال پر اجلاس میں وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ اسلام آباد میں ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ان کارروائیوں میں کوئی بے گناہ گرفتار نہ ہو۔
وزیراعظم نے انتشار اور فساد پھیلانے والوں کی نشاندہی کے عمل کو مؤثر بنانے کی ہدایت بھی کی تاکہ ٹھوس ثبوت حاصل کیے جا سکیں۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ انتشار پھیلانے والوں کے خلاف قائم کی گئی ٹاسک فورس کو تمام ضروری وسائل فراہم کیے جائیں تاکہ ان عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جا سکے اور ملک کی معاشی ترقی کو نقصان نہ پہنچے۔