پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 12 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکے ہیں، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 12 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکے ہیں، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 12 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکے ہیں، جو ملکی معیشت کے لیے ایک مثبت پیشرفت ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب غیرملکی سرمایہ کاروں کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے، جس میں زیادہ تر امریکی سرمایہ کار شامل تھے۔ وزیر خزانہ نے وفد کو پاکستان کی حالیہ میکرو اکنامک پیشرفت اور معاشی صورتحال سے آگاہ کیا اور حکومت کی جانب سے دیرینہ چیلنجز پر قابو پانے اور معیشت کی بہتری کے لیے کی جانے والی اہم کامیابیوں کو اجاگر کیا۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے تاریخی طور پر دہرے خسارے کا مقابلہ کیا ہے اور اب برآمدات میں اضافے کے باعث مالی اور کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس حاصل کیے ہیں۔ برآمدی شعبے کی بہتر کارکردگی اور معیشت کی درست سمت میں گامزن ہونے سے ملکی معیشت میں استحکام آیا ہے۔

مزید پڑھیں: اوورسیز پاکستانیوں نے ملک میں ڈالرز بھیجنے کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا

وزیر خزانہ نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ افراط زر کا نرخ سنگل ڈیجٹ میں آ چکا ہے اور پالیسی ریٹ بھی درست سمت میں گامزن ہے۔ انہوں نے حکومت کے جامع اصلاحاتی ایجنڈے کی تفصیلات بھی فراہم کیں، جس میں ملک کو درپیش آبادی اور موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز کا ذکر کیا۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کی آبادی میں سالانہ 2.5 فیصد کی شرح سے اضافہ ہو رہا ہے، جس کے باعث فوڈ سیکیورٹی، بچوں کی نشوونما اور اسکول سے باہر بچوں کے مسائل بھی بڑھ رہے ہیں۔

وزیر خزانہ نے ان مسائل کے حل کے لیے حکومت کی منصوبہ بندی کا ذکر کیا۔ انہوں نے آئی ایم ایف کی شرائط اور اسٹرکچرل ریفارمز سے متعلق سوالات کے جوابات دیے اور کہا کہ اصلاحات پر عمل درآمد کے لیے آمادگی اور صلاحیت انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔

وزیر خزانہ نے اس بات پر زور دیا کہ معاشی ترقی کو آگے بڑھانے میں نجی شعبے کا کردار اہم ہےاور پالیسی فریم ورک حکومت کی ذمہ داری ہونے کے باوجود نجی شعبے کو قیادت کرنی چاہیے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نجی شعبہ اور بین الاقوامی سرمایہ کار پاکستان کے معاشی استحکام اور ترقی میں مزید کردار ادا کریں گے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *