پنجاب حکومت نے شہریوں کے لیے لائسنس سروسز کا حصول مزید آسان بنا دیا۔
اب شہری بغیر دفاتر کے چکر لگائے اوربغیرقطاروں میں انتظار کیے، گھر بیٹھے اپنی لائسنس سروسز حاصل کر سکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کے ویژن کے تحت یہ سہولت فراہم کی گئی ہے، جس سے شہریوں کی سہولت میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔
سی ٹی او عمارہ اطہر نے اس حوالے سے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ اب شہری اپنا فریش لرنر پرمٹ، رینول لرنر پرمٹ، گمشدہ لائسنس کی تجدید اور انٹرنیشنل لائسنس کی تجدید گھر بیٹھے کروا سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ پنجاب پولیس کی ایپ کے ذریعے بھی شہری لرنر لائسنس حاصل کرنے کی سہولت سے استفادہ کر سکتے ہیں۔پنجاب حکومت نے آ ن لائن لائسنس کا حصول متعارف کروا کر شہریوں کو ایک آسان اور وقت کی بچت کرنے والی سہولت فراہم کی ہے، جس سے نہ صرف دفاترکے چکر لگانے میں کمی آئی ہے بلکہ شہریوں کا قیمتی وقت بھی بچ رہا ہے۔