سپریم کورٹ کے معروف صحافی ارشد شریف قتل از خود نوٹس کیس سماعت کے لیے مقرر کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق آئینی بینچ کے سربراہ جسٹس امین الدین نے از خود نوٹس کی سماعت کے لیے 7 رکنی آئینی بینچ تشکیل دے دیا، جو 9 دسمبر کو کیس کی سماعت کرے گا۔
جسٹس امین الدین کی سربراہی میں آئینی بینچ جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس حسن رضوی، جسٹس مسرت ہلالی، جسٹس نعیم افغان، جسٹس شاہد بلال پر مشتمل ہے۔
واضح رہے کہ 29 جولائی 2024 کو سپریم کورٹ نے نامور صحافی ارشد شریف کے قتل کیس کو سپریم کورٹ (پریکٹس اینڈ پروسیجر) ایکٹ 2023 کے تحت تشکیل دی گئی 3 رکنی کمیٹی کو واپس بھیج دیا تھا تاکہ 5 رکنی بینچ اس کیس کو دوبارہ دیکھ سکے۔
یاد رہے کہ سابق چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال نے کینیا میں صحافی ارشد شریف کے قتل پر ازخود نوٹس کی کارروائی شروع کی تھی۔