ایف بی آر نے شادی کی تقریبات پر بھی ٹیکس لگا دیا، ٹیکس ہال مالکان کے بجائے بکنگ کرنے والے سے علیحدہ سے ود ہولڈنگ ٹیکس وصول کیا جائے گا۔
کراچی میں ایف بی آ ر حکام سے شادی ہال ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی، شادی کی تقریبات پر دس فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس وصول کرنے پر شادی ہال مالکان اور ایف بی آ ر میں معاملات طے پاگئے۔
شادی ہال ایسوسی ایشن کے صدر رانا رئیس نے کہا کہ شادی ہال میں تقریب کرنے پر بکنگ کرانے والی پارٹی سے 10 فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس وصول کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ود ہولڈنگ ٹیکس لینے کا فیصلہ ایف بی آر حکام کی ہدایت کے تحت کیا گیا ہے۔ اب شادی ہال کے کرائے کے علاوہ 10 فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس بھی وصول کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ود ہولڈنگ ٹیکس کی رقم کا شادی ہال مالکان سے کوئی تعلق نہیں۔ شادی کی تقریبات کرنے والے شہریوں سے گزارش ہے کہ ود ہولڈنگ ٹیکس کے معاملے پر ایف بی آر کی پالیسی کا خیال رکھیں۔