10 اشیاء سستی، 18 مہنگی اور 23 کی قیمتوں میں استحکام رہا، ادارہ شماریات نے ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی۔
ملک میں ضروری اشیاء کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں 0.34 فیصد کی کمی جبکہ سالانہ بنیادوں پر 3.57 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے جاری ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 5 نومبر کو ختم ہونے والے ہفتہ میں ملک میں روزمرہ استعمال کی 10 اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 23 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ اس کے برعکس 18 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔
گذشتہ ہفتہ کے دوران ٹماٹر کی قیمت میں 25.15 فیصد، چکن 9.90 فیصد، دال ماش 1.67 فیصد، دال چنا 0.73 فیصد، آٹا 0.71 فیصد، دال مسور 0.46 فیصد، باسمتی چاول 0.37 فیصد اور ایل پی جی کی قیمت میں 0.19 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
اس کے برعکس لہسن کی قیمت میں 1.83 فیصد، اڑھائی کلو بناسپتی گھی 1.72 فیصد، آلو 1.69 فیصد، پٹرول 1.48 فیصد، چینی 1.33 فیصد، ڈیزل 1.27 فیصد، پیاز 1.10 فیصد، ایک کلو بناسپتی گھی 1.07 فیصد، پانچ لٹر کوکنگ آئل 0.99 فیصد، کیلا 0.48 فیصد، جلانے کی لکڑی 0.14 فیصد اور سگریٹ کی قیمت میں 0.09 فیصد کا اضافہ ہوا۔
سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق سب سے کم یعنی 17 ہزار 732 روپے ماہوار آمدنی والے گروپ کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں 0.44 فیصد کی کمی ہوئی۔
17 ہزار 733 روپے سے لے کر 22 ہزار 888 روپے، 22 ہزار 889 روپے سے لے کر 29 ہزار 517 روپے، 29 ہزار 518 روپے سے لے کر 44 ہزار 175 اور اس سے زیادہ ماہوار آمدنی والے گروپوں کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں بالترتیب 0.45، 0.39، 0.38 اور 0.34 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
واضح رہے کہ صارفین کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ کا تعین ملک کے 17 بڑے شہروں کی 50 مارکیٹوں میں 51 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی بیشی کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔