متوقع برفبانی طوفان: پی ڈی ایم اے محترک، سیاحوں کو خبردار کردیا گیا

متوقع برفبانی طوفان: پی ڈی ایم  اے محترک، سیاحوں کو خبردار کردیا گیا

راولپنڈی: مری میں متوقع برفباری کے پیش نظر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر پی ڈی ایم اے نے حفاظتی انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔ پی ڈی ایم اے نے ریسکیو اور ریلیف کا سامان مری انتظامیہ کے حوالے کردیا ہے تاکہ برفانی طوفان کے دوران کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹا جا سکے

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے سامان کے ٹرک مری انتظامیہ کے حوالے کیے۔ اس موقع پر کمشنر راولپنڈی، ڈی سی مری، سی ٹی ریسکیو اور سول ڈیفنس کے افسران بھی موجود تھے۔
ریسکیو اور ریلیف سامان میں سرچ اینڈ ریسکیو جیکٹس، ٹائر سنو چین، مشینی آری، موسم سرما کے خیمے، رین کوٹ، فولڈنگ شاول، لحاف کمبل، گرم دستانے، چھتریاں اور ٹوپیاں شامل ہیں۔ 2022 کے برفانی طوفان کے سانحہ کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے پیشگی حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا ہے تاکہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بروقت تیاری سانحات کو روکنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات کے مطابق مری انتظامیہ کو تمام تر معاونت فراہم کی جارہی ہے، اور سیاحوں کی سہولت کے لیے 13 فسیلیٹیشن سنٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ سیاحوں سے درخواست کی گئی ہے کہ سفر سے پہلے موسم کی صورتحال کا جائزہ لیں

پی ڈی ایم اے پنجاب 24 گھنٹے الرٹ ہے اور کسی بھی ناگہانی آفت کے پیش نظر سیاحوں کی رہنمائی اور تحفظ کے لیے موجود رہے گی۔ ایمرجنسی کی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *