پشاور ہائیکورٹ نے بشریٰ بی بی کی 23 دسمبر تک راہداری ضمانت کی درخواست منظور کرلی۔
پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس وقار احمد نے بشریٰ بی بی کی راہداری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواستگزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی نے 27 مختلف مقدمات میں راہداری ضمانت کی درخواستیں دائر کی ہیں۔
جبکہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت سے درخواست کی کہ بشریٰ بی بی کو پابند کیا جائے کہ وہ متعلقہ عدالتوں میں پیش ہوں۔ جسٹس وقار احمد نے کہا کہ راہداری ضمانت اسی مقصد کے لیے دی جاتی ہے تاکہ متعلقہ عدالتوں میں پیش ہوا جا سکے۔
وکیل درخواست گزار نے عدالت سے مزید وقت دینے کی استدعا کی کیونکہ انہیں 50 سے زائد مقدمات میں پیش ہونا ہے۔ تاہم جسٹس وقار احمد نے کہا کہ زیادہ وقت نہیں دیا جا سکتا کیونکہ سردیوں کی تعطیلات قریب ہیں۔
بعدازاں عدالت نے بشریٰ بی بی کی 23 دسمبر تک راہداری ضمانت کی درخواست منظور کرلی۔