اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی اور کور کمیٹی فیک نیوز کا شکار ہو گئی ہے، جس میں پارٹی کے مختلف رہنماؤں نے فیک معلومات شیئر کیں۔
پارٹی ذرائع کے مطابق اتوار کو کور کمیٹی کے گروپ میں حلیم عادل شیخ نے اسد قیصر اور محمود اچکزئی پر حملے کی فیک نیوز شیئر کی اور اس پر پارٹی سے رائے طلب کی، جس پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ مزید برآں سیمابیہ طاہر نے بین الاقوامی میڈیا کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی سے ملنے کی اجازت کی خبر شیئر کی اور اسے کامیابی قرار دیا۔ اسی دوران پارٹی گروپ میں قاسم سوری کے بانی پی ٹی آئی کی جیل سے منتقلی کا ٹویٹ بھی شیئر کیا گیا۔
علی محمد خان نے ان ٹویٹس کو فیک قرار دیتے ہوئے سیاسی کمیٹی اور قائدین سے مشاورت کرنے کی ہدایت کی۔ پارٹی قائدین نے فیک نیوز پر مبنی بیانات کو نقصان دہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے پارٹی کی ساکھ متاثر ہو رہی ہے۔ اسد قیصر نے بھی فیک نیوز پر سوال اٹھایا اور کہا کہ انہیں سمجھ نہیں آ رہا کہ یہ خبریں کہاں سے اور کیوں پھیلائی جا رہی ہیں۔