حارث رئوف ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کے کامیاب ترین بالر بن گئے

حارث رئوف ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کے کامیاب ترین بالر بن گئے

پاکستان کے فاسٹ باولر حارث رئوف نے زمبابوے کے خلاف پہلے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا۔

انہوں نے 3 اوورز میں صرف 17 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں جس کے ساتھ ہی شاداب خان کا ریکارڈ توڑ دیا۔ حارث رئوف اب تک 76 ٹی ٹونٹی میچز میں 20.46 کی اوسط سے 109 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں جبکہ شاداب خان نے 104 میچز میں 107 وکٹیں لے رکھی تھیں۔

مزید پڑھیں: کپتان کے پلان کے مطابق بولنگ کی اور کامیابی ملی : سفیان مقیم

اس فہرست میں شاہین آفریدی 73 میچز میں 97 وکٹوں کے ساتھ تیسرے، شاہد آفریدی 98 میچز میں 97 وکٹوں کے ساتھ چوتھے جبکہ عمر گل اور سعید اجمل 60 اور 64 میچز میں 85،85 وکٹوں کے ساتھ مشترکہ طور پر پانچویں نمبر پر ہیں۔

پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 57 رنز سے شکست دی اور سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔ زمبابوے کے شہر بلاوائیو میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے۔ عمیر یوسف اور صائم ایوب نے اننگز کا آغاز کیا، لیکن 18 کے مجموعی سکور پر عمیر یوسف 16 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

صائم ایوب نے 24 رنز کی اننگز کھیلی اور 57 کے اسکور پر آؤٹ ہو گئے۔ عثمان خان 39 اور کپتان سلمان علی آغا 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ طیب طاہر 39 اور عرفان خان 27 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔زمبابوے نے 166 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ابتدا میں مشکلات کا سامنا کیا۔ ان کی پہلی وکٹ 12 رنز پر گری جب برین بینٹ 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ دوسری وکٹ 18 پر گری۔ 77 رنز پر مارومانی 33 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے، اور 87 پر ریان برل صرف 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد 95 پر سکندر رضا 39 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

زمبابوے کی ٹیم 102 پر ویلنگٹن 5 رنز بنا کر آؤٹ ہو گیا، اور مزید دو کھلاڑی 107 اور 108 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہو گئے۔پاکستان کے لیے ابرار احمد اور سفیان مقیم نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ حارث رئوف نے 2 اور جہاں داد نے 1 وکٹ لی۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *