وفاقی حکومت کے مراد سعید کی وزیراعلیٰ ہاؤس کے پی میں موجودگی کے دعویٰ پر بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ مراد سعید کی وزیراعلی ہاؤس میں موجودگی کا دعویٰ مضحکہ خیز ہے، شرمندگی اٹھانا چاہتے ہیں تو وزیراعلی ہاؤس آجائیں۔
بیرسٹرسیف نے وفاقی وزیر عطا اللہ تارڑ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں خود نہیں معلوم مراد سعید کہاں ہے، اگر پتہ ہوتا تو ان کے لیے ضرورکچھ کرتے، اگر ان لوگوں کو مراد سعید نظر آیا تھا تو اسے پکڑ لیتے، انہیں مراد سعید کو پکڑنے سے کس نے روکا تھا؟
انہوں نے کہا کہ مراد سعید اسلام آباد جاکر کیسے بھاگ گیا ؟ وہ وہاں نہیں تھا، معلوم ہوتا تو عطا تارڑ سے پوچھ کر میں بھی مراد سعید سے مل لیتا، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں انہیں کہا تھا حکومت نے ہمیں سنگجانی میں احتجاج کی آفر کی ہے، ڈی چوک جانا مناسب نہیں ، بانی پی ٹی آئی نے اجازت دی کہ سنجگانی میں دھرنا دے دیں۔
صوبائی مشیر اطلاعات کے پی نے کہا کہ بعد میں اسلام آباد میں جو کچھ بھی ہوا وہ ایسا فیصلہ تھا جو ان حالات میں پارٹی نے کیا تھا۔
یاد رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے آج کہا ہے کہ مسلح افغان شہریوں اور شرپسند عناصر کی قیادت کرنے والا مراد سعید وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں روپوش ہے۔