نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ’سزا یافتہ‘ سمدھی کو اہم عہدہ سونپ دیا

نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ’سزا یافتہ‘ سمدھی کو اہم عہدہ سونپ دیا

نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ’سزا یافتہ‘ سمدھی چارلس کشنر  کو اہم عہدہ سونپ دیا۔

نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے عہدے کا حلف 20 جنوری کو اُٹھائیں گے تاہم انھوں نے نئی کابینہ اور اہم عہدوں پر اپنے وفاداروں اور رشتہ داروں کو نامزد کرنا شروع کردیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹرمپ نے فرانس میں امریکی سفیر کے لیے چارلس کشنر کے نام کا اعلان کیا ہے۔

چارلس کشنر، ڈونلڈ ٹرمپ کی بڑی بیٹی ایونکا کے شوہر جیرڈ کشنر کے والد ہیں۔ جیرڈ کشنر خود بھی اپنے سسر کے پہلے دورِ حکومت میں مشیر رہ چکے ہیں۔

 ڈونلڈ ٹرمپ نے  اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پرلکھا کہ چارلس کشنر پیار کرنے والے انسان اور ایک شاندار بزنس مین ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع

ٹرمپ نے مزید لکھا کہ چارلس کشنر کو پیرس بھیجا جائے گا تاکہ امریکا اور فرانس کے درمیان شراکت داری کو مضبوط کیا جا سکے جو ہمارے سب سے پرانے اور دیرینہ اتحادی ہیں۔

یاد رہے کہ چارلس کشنر نے ٹیکس کی خلاف ورزیوں کے الزام میں ایک سال جیل میں گزارا ہے تاہم ٹرمپ نے اپنی پہلی صدارتی مدت کے اختتام پر انہیں معاف کر دیا تھا۔

خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ جنوری میں صدارت کا منصب سنبھالیں گے، اس سے قبل انہوں نے اپنے وفادار ساتھیوں پر مشتمل کابینہ تشکیل دے دی ہے جس میں کئی ایسے افراد شامل ہیں جنہیں ناتجربہ کاری کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا، ان  کی کابینہ میں ارب پتی کاروباری شخصیت ایلون مسک کو بھی اہم ذمہ داری سونپی گئی ہے، وہ حکومتی کارکردگی کی مہم کی قیادت کریں گے۔

علاوہ ازیں، افغانستان اور عراق میں فوجی خدمات انجام دینے والے امریکی نشریاتی ادارے  کے میزبان پیٹ ہیگزتھ کو وزیر دفاع اور مائیکل والز کو قومی سلامتی کا مشیر نامزد کیا گیا ہے۔

نو منتخب امریکی صدر نے ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ (ڈبلیو ڈبلیو ای) کی سابق سربراہ لنڈا میک میہن کو محکمہ تعلیم کا سربراہ نامزد کیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ہونے والے امریکی صدارتی انتخاب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے 226 کے مقابلے 312 الیکٹورل ووٹس حاصل کرکے کامیابی حاصل کی تھی۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *