وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے پاکستان تحریک انصاف نے 3بار وفاق پر چڑھائی کی پھر بھی حکومت کا خیبر پختونخوا میں گورنر راج لگانے کاکوئی ارادہ نہیں ۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران خواجہ آصف نے 24 نومبر کےاحتجاج میں اسلام آباد سے گرفتار پی ٹی آئی کارکنوں کے ویڈیو بیان پیش کئے جس میں گرفتار پی ٹی آئی کے کارکنوں نے بتایا کہ انہیں پیسے دیکر احتجاجی دھرنے میں لایا گیا تھا اور ہمیں یہ بھی کہا گیا کہ اسلام آباد میں توڑ پھوڑ کرنی ہے۔
گرفتار پارٹی کارکنوں کا ویڈیو بیان میں مزید کہنا تھا کہ ہماری گاڑیوں میں پتھر بھی موجود تھے ، وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ احتجاج کے دوران کسی شہری کے جاں بحق ہونے کی کوئی شہادت نہیں ملی، تحریک انصاف کے سارے لیڈر متضاد بیانات دے رہے ہیں۔
اگر ان کے پاس کوئی ثبوت ہے تو ہمیںپیش کریں ۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے 3 بار وفاق پر حملہ کیا، لشکروں کے ذریعے حکومت نہیں ہو سکتی، انہوں نے کہا کہ ویڈیوز موجود ہیں کہ یہ لوگ اسلام آباد سے فرار ہوئے، اب خیبرپختونخوا سے آئندہ وفاق پر کوئی حملہ نہیں ہوگا۔