سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ 7دسمبر کو دوبارہ اسلام آباد احتجاج کے حوالے سے سامنے آنے والی خبر درست نہیں ہے۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کچھ دنوں سے فیک نیوز کا بازار گرم ہے، کہا گیا کہ پارٹی کا نیا چیئرمین بنا دیا گیا ہے اور سلمان اکرم راجہ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا، یہ خبریں غلط ہیں کیونکہ سلمان اکرم راجہ بھی بدستور اپنے عہدے پر کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 7دسمبر کو اسلام آباد دوبارہ احتجاج کے لیے آنے کی خبر درست نہیں، اسد قیصر نے 7دسمبر کو دوبارہ اسلام آباد جانے کے حوالے سے کوئی بیان نہیں دیا،نہ ہی ایسا کوئی فیصلہ پارٹی کی سطح پر ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی معاملات کو ہم دیکھ لیں گے، ہمیں اپنے کپڑے باہر دھونے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی بھی ہمارے لوگ لاپتا ہیں اور ہر چیز کا ریکارڈ ہمارے پاس موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشال یوسفزئی کی پارٹی میں کوئی پوزیشن نہیں البتہ وہ بشری بی بی کی ذاتی ترجمان ہیں، انہوں نے کہا کہ یہ کہنا سراسر جھوٹ ہے کہ ڈی چوک میں گولیاں نہیں چلیں،وزیر دفاع کا بیان آیا کہ جنازے دکھاؤ جبکہ ہم نے کل کی پریس کانفرنس میں جنازے کی فوٹیج دکھائی تھیں۔