چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے سیکرٹری جنرل تحریک انصاف سلمان اکرم راجہ کا استعفیٰ مسترد کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے سلمان اکرام راجہ کا استعفیٰ منطور کرنے سے انکار کر دیا۔ انہوں نے سلمان اکرم راجہ کو کام جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ نہ عمران خان اور نہ کسی اور نے استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔ میں خود بھی مستعفی نہیں ہورہا۔
مزید پڑھیں: عمران خان کی ہمشیرہ نے بشری بی بی کیخلاف خاموشی توڑدی، سلمان احمد
واضح رہے کہ گزشتہ روز نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے کہا تھا کہ سلمان اکرم راجہ نے ذاتی وجوہات کی بنا پر بطور سیکرٹری جنرل عہدے سے استعفیٰ دیا ہے، جسے انہوں نے پارٹی قیادت کو بھجوادیا ہے۔
یہ استعفیٰ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب 24 نومبر کو پی ٹی آئی کے احتجاج کے بعد خیبرپختونخوا کے رہنما شوکت یوسفزئی نے پی ٹی آئی پنجاب کی قیادت پر سوالات اٹھائے تھے۔
انہوں نے کہا تھا کہ ڈی چوک کے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے یہ بھی پوچھا کہ پی ٹی آئی پنجاب کی قیادت کہاں تھی؟ کیا پارٹی کی قیادت بشریٰ بی بی چلائیں گی یا دیگر قائدین؟ انہوں نے مزید کہا کہ اگر پارٹی کی قیادت کے پاس اتنی طاقت نہیں تو انہیں استعفیٰ دے دینا چاہیے۔
شوکت یوسفزئی کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے، سلمان اکرم راجہ نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی کی تاریخ میں 24 نومبر کا دن بدترین تھا۔
انہوں نے کہا تھا کہ لوگ یہ سوال کرتے ہیں کہ وہ احتجاج میں کیوں نہیں پہنچ سکے، جبکہ وہ لاہور میں موجود تھے اور تمام راستے بند تھے، جس کی وجہ سے وہ احتجاج میں شامل نہیں ہو سکے۔