کوئٹہ: پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئرمین اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے عمران خان کی ضمانت پر رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی رہائی سے کسی پر آسمان نہیں گرے گا۔
کوئٹہ میں پریس کانفرنس کے دوران محمود خان اچکزئی نے کہا کہ آئین کی حکمرانی کے بغیر ملک کا نظام چلانا ممکن نہیں۔ انہوں نے 8 فروری کے انتخابات کے نتائج کو تبدیل کرکے عوامی مینڈیٹ چھینے جانے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ اس کے بعد قومی اسمبلی میں آئین کی خلاف ورزی کی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومتی حالات میں بھی شدید کرپشن ہو رہی ہے۔ محمود خان اچکزئی نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ وہ ملک کی موجودہ صورتحال کو بہتر بنانے اور بحرانوں سے نکالنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بحران میں ہے، اور ملک کو بحران سے نکالنے کیلئے کوئی ٹھوس اور طویل معیاد منصوبے شروع کرناہوں گے، اسی طرح چھوٹے صوبوں کی احساس محرومی کو دور کرنے کیلیے بھی اقدامات اٹھائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کے پی کے بعد پنجاب میں بھی پی ٹی آئی کواکثریت حاصل تھی، حکومتیں بنانا پی ٹی آئی کا حق تھا۔ انہوں نے حکومت کو مشورہ دیا کہ حکومت کو آئین کے دائرے میں رہ کر کام کرنا چاہیے۔