بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی، پاک فوج کے سربراہ نے دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بیلاروس کے صدر اور آرمی چیف کی ملاقات آج اسلام آباد میں ہوئی، ملاقات میں الیگزینڈر لوکاشنکو اور جنرل عاصم منیر نے باہمی دلچسپی کے امور، مستقبل میں دفاعی تعاون اور علاقائی سلامتی سے متعلق مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے عالمی و علاقائی امور میں بیلاروس کے کردار کو سراہتے ہوئے دو طرفہ تعاون اور تعلقات کو مزید مضبوط اور فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے علاقائی امن و استحکام کو فروغ دینے میں پاکستان کی مسلح افواج کے اہم کردار کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کی تعریف کی۔
قبل ازیں عوامی جمہوریہ چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل ژانگ یوشیا نے ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ون آن ون ملاقات کی تھی۔