گھریلو صارفین کو بجلی کے اضافی استعمال پر فی یونٹ کتنی بچت ہوگی؟ اس حوالے سے خوشخبری سامنے آئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے حکومتی ونٹر پیکج کے تحت عوامی سماعت مکمل کر لی ہے۔ اس پیکج کا مقصد گھریلو اور صنعتی صارفین کو بجلی کے استعمال پر نمایاں بچت فراہم کرنا ہے۔
نیپرا کا کہنا ہے کہ ڈیٹا کا تجزیہ مکمل کرنے کے بعد فیصلہ جاری کیا جائے گا۔ حکومتی ونٹر پیکج دسمبر سے فروری تک تین ماہ کی مدت کے لیے نافذ رہے گا۔
نیپرا کے چیئرمین وسیم مختار کی زیرصدارت ہونے والی سماعت میں “سرمائی ڈیمانڈ انیشیٹو 2025” کا جائزہ لیا گیا، جس کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) پہلے ہی منظوری دے چکی ہے۔ یہ پیکج سبسڈی سے آزاد اور گیس کی کھپت کو کم کرتے ہوئے بجلی کی پیداواری صلاحیت کا بھرپور استعمال کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
اس پیکج کے تحت گزشتہ سال کے مقابلے میں اضافی یونٹ کی قیمت 26 روپے 7 پیسے فی یونٹ ہو گی، جس سے گھریلو صارفین کو کم سے کم اضافی استعمال پر 30 فیصد بچت یعنی 11 روپے 42 پیسے فی یونٹ ہوگی۔
زیادہ سے زیادہ بجلی کے استعمال پر گھریلو صارفین کو 26 روپے فی یونٹ کی قیمت پڑے گی، جب کہ صنعتی صارفین کو کم سے کم اضافی استعمال پر 5 روپے 72 پیسے فی یونٹ کی بچت ملے گی۔ زیادہ سے زیادہ اضافی استعمال کی صورت میں 15 روپے 5 پیسے فی یونٹ کی بچت ہوگی۔
نیپرا نے توانائی کے شعبے میں موثر اصلاحات کے ذریعے استطاعت کے توازن کو یقینی بنانے کے اپنے عزم کا اظہار کیا ہے۔ اس کے علاوہ، اسٹیک ہولڈرز کو تحریری تاثرات جمع کرانے کی دعوت دی گئی ہے، تاکہ حتمی فیصلہ مزید تجزیے اور ڈیٹا کی بنیاد پر کیا جا سکے۔
نیپرا کا مقصد یہ ہے کہ موسم سرما کے دوران توانائی کی طلب کو مستحکم کیا جائے اور صارفین کو ریلیف فراہم کیا جائے۔