پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے احتجاج ختم کرنے کے اعلان کے بعد ملک بھر میں سڑکوں پر رکاوٹیں دور کی جا رہی ہیں اور ٹریفک کی روانی بحال کی جا رہی ہے۔
موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق موٹروے ایم 2 (لاہور اسلام آباد) کو ٹریفک کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا ہے جبکہ موٹروے ایم 11 (لاہور سیالکوٹ) بھی ٹریفک کے لیے بحال کر دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ موٹروے ایم 4 (پنڈی بھٹیاں تا عبدالحکیم)، موٹروے ایم 14 (ہکلہ تا ڈیرہ اسماعیل خان) اور موٹروے ایم 3 بھی ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہیں۔لاہور ٹریفک پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ شہر کے تمام داخلی و خارجی راستے کھول دیے گئے ہیں اور لاہور اسلام آباد، لاہور سیالکوٹ موٹروے اور ایسٹرن بائی پاس بھی دوبارہ کھول دیے گئے ہیں۔
لاہور رنگ روڈ بھی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے اور شہر کے اندر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے۔ اسلام آباد میں بھی ٹریفک کی روانی بحال کر دی گئی ہے۔ جہاں جہاں کنٹینرز لگا کر راستے بند کیے گئے تھے، وہاں ان رکاوٹوں کو ہٹا کر تمام سڑکوں کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
اس کے ساتھ ہی موٹر وے اور دیگر اہم سڑکوں پر سفر کرنے والے شہریوں کو ٹریفک کی بحالی سے بڑی سہولت ملے گی اور شہریوں کو سفر میں مزید مشکلات کا سامنا نہیں ہوگا۔