پنجاب میں 20 دسمبر سے موسم سرما کی چھٹیوں کا آغاز ہوگا۔
سیکرٹری اسکولز پنجاب خالد نذیر وٹو نے ایک بیان میں کہا کہ موسم سرما کی چھٹیاں 20 دسمبر 2024 سے شروع ہوں گی اور یہ 10 جنوری 2025 تک جاری رہیں گی۔ رواں سال اسکولوں میں موسم سرما کی 20دن کی چھٹیاں ہوں گی۔
یاد رہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سردیوں کی چھٹیوں کے بعد سکول بسوں کے تمام انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت دی ہوئی ہے۔ عدالت نے سکول بسوں کے لیے سیکیورٹی، اٹینڈنٹ، ملازمین اور دیگر ضروری انتظامات کرنے کا حکم بھی دیاتھا۔
جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا تھاکہ بچوں کو سکول لانے اور لے جانے کی مکمل ذمہ داری سکول انتظامیہ پر ہوگی۔اگر کوئی سکول والدین کو لکھ کر بھیجے گا کہ وہ بچوں کی ذمہ داری نہیں لیں گے تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
عدالت نے ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کو گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ کا دورانیہ تین ماہ کرنے کی ہدایت بھی کی۔عدالت نے کہا کہ تین ماہ میں گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ کا از سر نو جائزہ لیا جائے۔عدالت نے پنجاب بھر میں کرشنگ پلانٹس لگانے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی۔عدالت نے یہ بھی کہا کہ سکولز کی جانب سے فراہم کی گئی ٹرانسپورٹ پر بچوں کو سکول آنا چاہیے اور جو سکول انتظامیہ احکامات کو نہیں مانے گی اسے سیل کر دیا جائے گا۔