انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی) اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں نجی ٹی وی چینل سے گفتگوکرتے ہوئے علی ناصر رضوی کا کہنا تھا کہ وفاقی دارالحکومت کی سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ اسلام آباد میں دفعہ144 کے تحت احتجاج ،ریلی یا مجمع پر پابندی عائد ہے، خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
جس نے بھی قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کی تو اس کے خلاف سنگین دفعات کے تحت مقدمات درج کئے جائیں گے۔ آئی جی علی ناصر رضوی کا یہ بھی کہنا تھا کہ سکیورٹی انتظامات اس لیے کیے گئے ہیں تاکہ شہر میں عوام کی جان و مال کی حفاظت کی یقینی بنایا جا سکے ۔ شہری کسی بھی قسم کی ہنگامہ آرائی اورغیر قانونی عمل کا قطعی حصہ نہ بنیں، کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔