سعودی عرب میں ہفتہ سے منگل تک مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے، جس کے لیے محکمہ شہری دفاع نے الرٹ جاری کردیا ہے۔
مکہ ریجن میں شدید بارش، ژالہ باری اور تیز ہواؤں کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ تبوک، الجوف اور نجران میں ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش کا امکان ہے۔ مزید برآں حدود الشمالیہ، الشرقیہ، ریاض، قصیم، حائل، باحہ اور عسیر کے علاقوں میں درمیانے سے شدید بارش کی توقع کی گئی ہے۔ شہری دفاع نے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، محفوظ مقامات پر رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت دی ہے۔
موسمیات کے قومی مرکز کے تجزیہ کار عقیل العقیل کے مطابق پیر سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئے گی۔ شمالی علاقوں میں منگل اور بدھ کو درجہ حرارت صفر ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے، جبکہ ریاض میں اگلے ہفتے کم سے کم درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب رہنے کا امکان ہے۔ شہریوں کو سرد موسم کے پیش نظر مناسب تیاریاں کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔