اسلام آباد ہائیکورٹ کا وزیر داخلہ کو پُرامن احتجاج کیلئے پی ٹی آئی سے مذاکرات کا حکم

اسلام آباد ہائیکورٹ کا وزیر داخلہ کو پُرامن احتجاج کیلئے پی ٹی آئی سے مذاکرات کا حکم

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ساتھ پُرامن احتجاج کے لیے مذاکرات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اگر مذاکرات کامیاب نہ ہوں تو وزیر داخلہ قانون کے مطابق اسلام آباد میں امن و امان کو یقینی بنائیں۔

تحریک انصاف کے 24 نومبر احتجاج کے خلاف تاجر اسد عزیز کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔

عدالت نے قرار دیا ہے کہ پی ٹی آئی احتجاج کیلئے ڈپٹی کمشنر اسلام آبادکو 7 روز پہلے درخواست دے، اجازت ملنے پر احتجاج کیا جاسکتا ہے، وزیر داخلہ یہ پیغام پی ٹی آئی قیادت تک پہنچائیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے 5 صفحات پر تحریری حکم نامے میں قرار دیا ہے کہ امن و امان قائم رکھنے کے لیے اسلام آباد انتظامیہ قانون کے مطابق تمام اقدامات اٹھائے، انتظامیہ کی ذمہ داری ہے قانون کی خلاف ورزی نہ ہونے دی جائے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ امن قائم رکھنے کیلئے انتظامیہ قانون کے مطابق تمام اقدامات کرے۔انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ قانون کے خلاف ورزی نہ ہونے دی جائے، یقینی بنایا جائے کہ شہریوں کے کاروبار زندگی میں کوئی رخنہ نہ پڑے۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پبلک آرڈر 2024 دھرنے، احتجاج، ریلی وغیرہ کی اجازت کیلئے مروجہ قانون ہے، اسلام آباد انتظامیہ مروجہ قانون کے خلاف دھرنا، ریلی یا احتجاج کی اجازت نہ دے۔

عدالت نے سیکرٹری داخلہ کو وزیر داخلہ یا کسی متعلقہ شخص کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دیا۔ عدالت نے کہا کہ کمیٹی میں چیف کمشنراسلام آباد کو بھی شامل کیا جائے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم دیا کہ کمیٹی پی ٹی آئی قیادت کو بیلاروس کے صدر کے دورے کی حساسیت سے آگاہ کرے، عدالت کو یقین ہےجب یہ رابطہ ہوگا تو کچھ نا کچھ پیشرفت ہوگی۔

واضح رہے کہ تاجر رہنماؤں کی جانب سےپی ٹی آئی احتجاج کےخلاف درخواست دائر کی گئی تھی۔  اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق کی عدالت میں فوری سماعت کی گئی، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی بھی اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوئے تھے۔

خیال رہے کہ پی ٹی آئی نے 24 نومبر کو احتجاج کی کال دے رکھی ہے، سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے واضح کیا تھا کہ احتجاج میں رہنماؤں کی کارکردگی کی بنیاد پر اگلے عام انتخابات میں پارٹی ٹکٹ دیا جائے گا۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *