راولپنڈی: تھانہ نیو ٹاؤن میں درج مقدمے میں انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی کے بانی اور سابق چیئرمین عمران خان کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے اڈیالہ جیل میں سماعت کی۔ پراسیکیوشن کی جانب سے عمران خان کا 15 روزہ جسمانی ریمانڈ طلب کیا گیا تھا، تاہم عدالت نے پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں 5 دن کے لیے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
مقدمہ تھانہ نیو ٹاؤن میں 28 ستمبر کے احتجاجی مظاہرے کے دوران عمران خان کی تقاریر پر درج کیا گیا تھا، جس میں ان پر عوام کو اکسانے اور اشتعال انگیز بیانات دینے کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے پراسیکیوشن کی استدعا پر 5 روزہ ریمانڈ کی منظوری دیتے ہوئے مزید کارروائی کے لیے عمران خان کو 26 نومبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔