پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 24 نومبر کو متوقع احتجاج کی وجہ سے ملک کے مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس کی جزوی معطلی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق 22 نومبر سے پی ٹی اے کی جانب سے موبائل انٹرنیٹ سروس پر فائر وال فعال کی جائے گی، جس سے انٹرنیٹ کی رفتار سست ہو سکتی ہے اور سوشل میڈیا ایپس متاثر ہو سکتی ہیں۔اسلام آباد، پنجاب کے مختلف اضلاع اور خیبرپختونخوا کے کچھ علاقوں میں موبائل سروس اور انٹرنیٹ کی معطلی کی صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مخصوص علاقوں میں سروس کی معطلی حالات کی نوعیت کے مطابق کی جا سکتی ہے۔ اس سے قبل راولپنڈی میں پی ٹی آئی کے احتجاج سے قبل بدامنی کی اطلاعات کے بعد دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، جس کے تحت عوامی اجتماعات اور چار یا زیادہ افراد کے اجتماع پر پابندی عائد کی گئی ہے۔