مولانا فضل الرحمٰن نے پاکستان تحریک انصاف کی 24 نومبر کو احتجاج کی کال کو نامناسب قرار دیدیا۔
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ بعض معاملات پرملکر چل سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ممکن نہیں کہ حکومت کے ساتھ اپوزیشن کی سیاست کی جائے اور اپوزیشن کے اندر بھی اپوزیشن کی جائے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اگرچہ حکومت کا حصہ نہیں ہے لیکن وہ حکومت کا سہارا بنی ہوئی ہے، اس لیے ان کی ناراضگی کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے پی ٹی آئی کی جانب سے 24 نومبر کو احتجاج کی کال کو غیر مناسب قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسلسل احتجاج کی کالز کے باعث ان کے احتجاج کی اہمیت میں کمی آ چکی ہے۔ انہوں نےتنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی میں موثر حکمت عملی بنانے والے افراد موجود نہیں ہیں۔
سربراہ جے یو آئی نے مدارس والے بل پر بھی بات کی اور کہا کہ صدر مملکت نے ابھی تک اس بل پر دستخط نہیں کیے ۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر اس بل پر دستخط نہ کرنے کی کوئی وجہ ہے تو وہ عوام کے سامنے لائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بل پر دستخط نہ کرنے کا مطلب یہ ہے کہ اس معاملے میں ملکی نہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر کوئی مشکلات ہیں۔