سپین کے ٹینس سٹار رافیل نڈال نے پروفیشنل ٹینس سے ریٹائرمنٹ لے لی ہے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق منگل کو ڈیوس کپ کے کوارٹر فائنل کے ابتدائی سنگلز میں نڈال کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، جب نیدرلینڈز نے سپین کو 2-1 سے شکست دے کر فائنل فور تک رسائی حاصل کی۔
38 سالہ ٹینس سٹار نے گذشتہ ماہ اعلان کیا تھا کہ ریٹائرمنٹ سے قبل ڈیوس کپ ان کا آخری ایونٹ ہو گا۔
نڈال نے سپین کے شہر ملاگا میں اپنی ریٹائرمنٹ کے اعزاز میں ایک تقریب کے دوران تقریر کرتے ہوئے کہا کہ ’میں ذہنی سکون کے ساتھ ٹینس چھوڑ رہا ہوں، میں نے ایک میراث چھوڑی ہے جو مجھے لگتا ہے کہ صرف کھیل تک محدود نہیں ہے۔‘
’میں سمجھتا ہوں کہ مجھے جو پیار ملا ہے، اگر یہ صرف ٹینس کورٹ تک محدود ہوتا تو ایسا نہ لگتا۔‘
نڈال نے مزید کہا کہ وہ آنے والے سالوں میں ٹینس کے ’اچھے سفیر‘ بننے کی امید رکھتے ہیں اور اپنی ریٹائرمنٹ شروع کرنے سے خوفزدہ نہیں ہیں۔
ملاگا میں مارٹن کارپینا ایرینا میں متعدد سکرینز پر نڈال کو ایک ویڈیو مونٹاج کے ساتھ 10 ہزار سے زیادہ مداحوں نے ان کے کیریئر کو اختتام پذیر ہوتے دیکھا۔
22 بار کے گرینڈ سلیم فاتح رافیل نڈال کا 23 سالہ کیریئر شاندار اور تاریخی رہا، نڈال نے اپنے کیریئر کا آغاز 2001 میں 15 برس کی عمر میں کیا تھا، اس دوران انہوں نے 14 فرنچ اوپن سمیت 22 گرینڈ سلیم ٹائٹل حاصل کیے، ان میں 4 یوا یس اوپن اور 2، 2 بار آسٹریلین اوپن اور ومبلڈن چیمپئن شپ بھی اپنے نام کی۔
واضح رہے کہ نڈال نے گزشتہ ماہ ٹینس کے کھیل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، انہوں نے کہا تھا کہ وہ نومبر میں ڈیوس کپ کے بعد انٹرنیشنل ٹینس کو الوادع کہہ دیں گے۔