وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ای سی سی کے اجلاس میں موسم سرما کے لیے بجلی پیکج کی منظوری دے دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے ڈیڑھ ہفتہ قبل بجلی سہولت پیکج کا اعلان کیا تھا۔ سردیوں میں بجلی کے فی یونٹ پر 26 روپے تک ریلیف دینے کی تجویز منظور کی گئی۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں اضافی بجلی کے استعمال پر ٹیرف میں ریلیف کی تجویز بھی منظور کی گئی
، جس کے تحت اضافی بجلی پر 26 روپے 7 پیسے فی یونٹ کا فلیٹ ریٹ دینے کی تجویز کی گئی ہے۔ یہ پیکج موسم سرما کے تین ماہ دسمبر 2024 سے فروری 2025 تک نافذ ہوگا۔
بجلی سہولت پیکج کا اطلاق گھریلو، کمرشل، اور صنعتی صارفین پر ہوگا۔ اس پیکج کے تحت اضافی 25 فیصد تک یونٹس کے استعمال پر ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ گھریلو صارفین کو 11.42 روپے سے 26 روپے فی یونٹ تک ریلیف دیا جائے گا۔
کمرشل صارفین کو 13.46 روپے سے 22.71 روپے فی یونٹ تک ریلیف ملے گا، جبکہ صنعتی صارفین کو 5.72 روپے سے 15.05 روپے فی یونٹ تک ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ این ڈی ایم اے کے لیے 3 ارب روپے سے زائد کے فنڈز کی منظوری بھی دی گئی ہے۔