پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورکس (وی پی این) کی رجسٹریشن کے عمل کو ہموار اور پریشانی سے پاک بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی اے نے سافٹ ویئر ہاؤسز، فری لانسرز، سفارت خانوں، کال سینٹرز، بینکوں اور تنظیموں کے لیے وی پی این کی رجسٹریشن کا اعلان کیا۔
ایک جاری کردہ بیان میں پی ٹی اے نے کہا کہ صارفین اپنے وی پی این کو ipregistration.pta.gov.pk پر ایک نئے آن لائن پورٹل کے ذریعے رجسٹر کر سکتے ہیں۔درخواست دہندگان آن لائن فارم بھر کر وی پی این کنیکٹیویٹی کے لیے ضروری تفصیلات اور آئی پی ایڈریس فراہم کر کے درخواست دے سکتے ہیں۔
مقررہ آئی پی ایڈریس انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والے سے حاصل کیا جا سکتا ہے۔فری لانسرز کووی پی این رجسٹریشن کی درخواست کے ثبوت کے طور پر پروجیکٹ کے ساتھ وابستگی کا خط جمع کروانا ہوگا۔وی پی این رجسٹریشن کا عمل مکمل طور پر مفت ہے اور درخواست جمع کروانے کے 8 سے 10 گھنٹے کے بعد کامیابی سے مکمل کیا جا سکتاہے۔
یہ بھی پڑھیں:واٹس ایپ گروپس کے لیے بہترین فیچر متعارف
دوہزارسے زیادہ کمپنیوں اور فری لانسرز نے اپنے وی پی این کو رجسٹر کرایا ہے۔یہ بات قابل غور ہے کہ دنیا بھر میں انٹرنیٹ صارفین غیر قانونی اور ممنوعہ مواد تک رسائی کیلئے وی پی این کا استعمال کرتے ہیں۔سوشل میڈیا سائٹ سابقہ ٹویٹر پر پابندی کے بعد پاکستان بھر میں وی پی این کے استعمال میں اضافہ ہوا۔