محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا، بلوچستان اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں بارش اور برفباری کی توقع ہے جبکہ اسلام آباد اور اس کے گرد و نواح میں موسم خشک رہے گا اور صبح و رات کے اوقات میں سردی کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مالاکنڈ، باجوڑ، مردان، مہمند، چارسدہ، صوابی، نوشہرہ، پشاور، خیبر، کوہاٹ اور کرم جیسے علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ لاہور، قصور، اوکاڑہ، سیالکوٹ، حافظ آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، خانیوال اور فیصل آباد میں شدید سموگ اور دھند چھائی رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے عوام سے اپیل کی کہ ایسے موسمی حالات میں شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ضرورت ہے، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں دھند اور سموگ کی شدت ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کی وجہ سے سڑکوں پر پھسلن اور ٹریفک کی روانی میں مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے، لہٰذا سفر کرنے والوں کو احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔