پی ٹی آئی وکیل فیصل چوہدری نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اڈیالہ سے بنی گالہ منتقل کرکے مذاکرات کا مطالبہ کردیا۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے فیصل چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل سے نکال کر بنی گالا میں رکھ کر مذاکرات کئے جائیں، یہ ملک کے مستقبل اور جمہوریت، قانون کی حکمرانی کیلئے ضروری ہے۔
فیصل چوہد ری ایڈووکیٹ نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کا پیغام ہے وہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں، انہوں نے کارکنان اور رہنماؤں کو پرامن احتجاج کی درخواست کی ہے۔
فیصل چو ہدری نے کہا کہ یاسمین راشد، عمر چیمہ، اعجاز چوہدری، محمود الرشید سمیت ہمارے بہت سے لیڈرز سیاسی مقدمات میں اندر ہیں، وقت آگیا ہے کہ ان سب کو ریلیز کیا جائے، حکومت کی جانب سے صبح سے لیکر شام تک جھوٹ بولنے کا تسلسل ہے اسکو ختم کیا جائے۔
فیصل چو ہدری نے کہا کہ جعلی مقدمات بنانے پر نیب حکام فی الفور استعفیٰ دیں، ان سب کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے، عمران خان بڑا لیڈر ہے اسے سیاست میں حصہ لینے دیا جائے یہ انکا بنیادی حق ہے۔