بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے پاکستان میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی میں شرکت نہ کرنے کے معاملے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو پیشکش کی ہے کہ ایونٹ ہائبرڈ ماڈل پر کرادیں اس کا نقصان ہم پورا کردیں گے۔
چیمپئینز ٹرافی 2025 کے لیے بھارت کی جانب سے پاکستان آنے سے انکار کے بعد آئی سی سی نے بھارتی کرکٹ بورڈ سے تحریری وجوہات طلب کی تھیں، بی سی سی کو آئی لکھے خط میں کہا کہ بھارتی ٹیم کے شریک نہ ہونے سے آئی سی سی کو 50 کروڑ ڈالرز کا نقصان ہوگا۔
آئی سی سی کے خط پر بھارتی کرکٹ بورڈ نے جوابی خط لکھ دیا، بی سی سی آئی پیسوں کا لالچ دے کر آئی سی سی کو چیمپنز ٹرافی ہائبرڈ ماڈل کے لیے منانے لگا۔بی سی سی آئی کی جانب سے لکھے گئے خط میں بے بنیاد وجوہات بیان کرتے ہوئے لکھا ’چیمپنز ٹرافی ہائبرڈ ماڈل پر کروا دی جائیں، مالی نقصان ہم پورا کر دیں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ پہلے ہی واضح کرچکا ہے کہ وہ ہائبرڈ ماڈل پر راضی نہیں۔معاہدے کے مطابق آئی سی سی کو ایونٹ سے 90 روز قبل ہر صورت میں شیڈول کا اعلان کرنا ہے، 20 نومبر تک اعلان نہ کرنے کی صورت میں آئی سی سی کو قانونی چارہ جوئی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق کمرشل پارٹنرز کو ایونٹ سے قبل کم از کم اتنا وقت درکار ہوتا ہے، کمرشل پارٹنر کو شیڈول کے مطابق اپنی مارکیٹنگ کرنا ہوتی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ آئی سی سی نے ایونٹ سے قبل ’100 ڈیز ٹو گو‘ کے موقع پر ٹرافی کے شیڈول کا اعلان کرنے کا پروگرام بنایا تھا مگر حالیہ پاک۔ بھارت ڈیڈ لاک کی وجہ سے اعلان نہیں کیا جاسکا۔