انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) نے ایک مرتبہ پھر بھارتی دباؤ کے آگے گھٹنے ٹیکتے ہوئے چیمپئنز ٹرافی کے دورے کا شیڈول تبدیل کردیا۔
آئی سی سی کے دوسرے سب سے بڑے ایونٹ کی ٹرافی اب آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان نہیں جائے گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے جاری کردہ شیڈول میں چیمپئنز ٹرافی 2025 کی ٹرافی کو اسکردو، ہنزہ اور مظفر آباد لے جایا جاناتھا مگر آئی سی سی کے نئے شیڈول کے مطابق ان علاقوں کو شیڈول سے نکال دیا گیا۔
آئی سی سی کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق چیمئنز ٹرافی کا دورہ آج سے شروع ہوگیا ہے اور 27 جنوری کو ختم ہوگا، دورے کے دوران ٹرافی اسلام آباد، ٹیکسلا، خانپور ایبٹ آباد، مری، نتھیا گلی اور کراچی جائے گی۔
آئی سی سی ٹرافی ٹور پلان میں لاہور شامل نہیں، 26 نومبر کو ٹرافی افغانستان کے لیے روانہ ہوگی، جہاں سے بنگلہ دیش، جنوبی افریقا، نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور بھارت سے ہوتی ہوئی 27 جنوری 2025 کو واپس پاکستان پہنچے گی۔
واضح رہے کہ پی سی بی نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کی ٹرافی کو اسکردو، ہنزہ اور مظفر آباد کے علاقوں میں لے جانے کے شیڈول کا اعلان کیا تھا،مگر آئی سی سی نے بھارتی اعتراض کے بعد جاری کردہ نئے شیڈول میں ان علاقوں کو ٹور پلان سے نکال دیا ہے۔