پاکستان کے محکمہ بیورو آف اسٹیٹکس نے کہا ہے کہ رواں مالی سال 2024-25 کے پہلے چار ماہ (جولائی تا اکتوبر) میں ملک کے ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات میں 10.44 فیصد اضافہ ہوا جس کا حجم 6.146 بلین ڈالر رہا جو کہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران 5.565 بلین ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے بیورو آف اسٹیٹیکس کی رپورٹ کی رو سے رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ جولائی تا اکتوبر کے دوران ملک کی مجموعی برآمدات 10.889 بلین ڈالر ریکارڈ کی گئی ہیں جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے دوران 9.590 بلین ڈالر تھیں جس میں 13.55 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ شماریات کے مطابق 2024 میں برآمدات مجموعی طور پر 2.984 بلین ڈالر ریکارڈ کی گئیں جو ستمبر 2024 میں 2.836 بلین ڈالر کے مقابلے میں ستمبر 2024 کے مقابلے میں 5.22 فیصد اور اکتوبر 2023 کے 2.689 بلین ڈالر کے مقابلے میں 10.97 فیصد زیادہ ہیں۔
جولائی تا اکتوبر 2024 میں پاکستانی چاول کی برآمدات میں 52.53 فیصد اضافہ ہوا اور گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران 710.789 ملین ڈالر کے مقابلے میں 1.084 بلین ڈالر ریکارڈ کی گئی۔
ماہانہ کی بنیاد پر چاول کی برآمدات میں 40.88 فیصد کا اضافہ ہوا کیونکہ یہ اکتوبر 2024 میں 362.329 ملین ڈالر رہی جب کہ ستمبر 2024 میں یہ 257.197 ملین ڈالر تھی اور اکتوبر 2023 میں 304.401 ملین ڈالر کے مقابلے میں سالانہ بنیادوں پر 19.03 فیصد اضافہ ہوا۔