اسلام آباد، خاندان کے ساتھ حج کرنے والوں کے لیے حکومت نے بڑی سہولت کا انتظام کرلیا۔
ذرائع کے مطابق بمع خاندان حج کرنے والوں کو سہولت دینے کے لیے حکومت کی جانب سے اہم اقدام کیا گیا ہے، جس میں ایک ہی خاندان کے تمام افراد کو حجاز مقدس میں ایک جگہ رکھنے کی حکمت عملی ترتیب دے دی گئی۔
وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق خاندان کے تمام افراد دوران حج ایک ہی مقام یا ہوٹل میں رہائش اختیار کر سکیں گے۔اسی طرح ریاض الجنہ میں نوافل کی ادائیگی کے وقت بھی اہل خانہ ایک ساتھ ہوں گے۔
ایک خاندان سے و ابستہ تمام افراد کو الگ الگ رہائش گاہوں کی فراہمی اور مشکلات سے متعلق شکایات پر حکومت کی جانب سے اہم سہولت کے تحت بینک بھی ایک گھرانے سے تعلق رکھنے والے عازمین حج کی درخواستیں اکٹھی وصول کریں گے۔
اس سلسلے میں وزارت مذہبی امور کی جانب سے بینکوں کو ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں،ذرائع نے بتایا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ ایک خاندان کے تمام افراد کو ایک ہی جگہ رہائش کی فراہمی ممکن ہو سکے۔
ماضی میں الگ رہائش گاہ اور عبادات کے شیڈول کے باعث ایک ہی خاندان کے افراد کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے ڈائریکٹر حج کو ہدایت کی ہے کہ عازمین حج کو پہلے سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں۔