اسلام آباد: چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے وی پی این کا استعمال غیر شرعی قرار دیکر کہا ہے کہ حکومت کو شرعی لحاظ سے اختیار حاصل ہے کہ وہ برائی تک رسائی کا سدباب کرے۔
انہوں نے کہا کہ غیر اخلاقی اور توہین آمیز مواد تک رسائی کو روکنے اوراسے محدود کرنے کیلئے اقدامات کرنا شریعت سے ہم آہنگ ہے۔ چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل کا کہنا تھا کہ اسلامی نظریاتی کونسل نے وی پی این کے حوالے سے سفارشات پیش کی تھیں جن پرعملدرآمد احسن اقدام ہے
انہوں نے کہا کہ وی پی این کا استعمال اس نیت سے کہ غیر قانونی مواد یا بلاک ویب سائٹ تک رسائی حاصل کی جائے، یہ شرعاً ناجائز ہے اس سلسلے میں حکومت کا فرض ہے کہ ایسے ذرائع کے استعمال پر پابندی عائد کرے جو معاشرتی اقدار اور قانون کی پاسداری کو متاثر کرتے ہیں۔
”شریعت کے اصولوں کے مطابق کسی بھی عمل کے جواز یا عدم جواز کا دارومدار اس کے مقصد اور طریقے پر ہے”، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے کہا کہ وی پی این کے ذریعے آن لائن چوری بھی کی جاتی ہے اور چورکا سراغ بھی نہیں ملتا۔
اس لئے وی پی این کا بلاک شدہ یا غیر قانونی مواد تک رسائی کیلئے استعمال کیا جانا اسلامی اور معاشرتی قانون کی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وی پی این کا استعمال ”گناہ پر معاونت” کے زمرے میں آتا ہے جو شریعت میں ممنوعہ ہے۔ اس لئے ہر مسلمان پر لازم ہے کہ وہ اپنے ملک کے آئین و قانون کی پاسداری کرے بشرطیکہ وہ اسلامی اصولوں سے متصادم نہ ہوں۔