پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں موبائل انٹرنیٹ سروسز عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
نجی ٹی وی اے آروائی کے مطابق پی ٹی اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کی ہدایات پر اٹھایا گیا ہے۔ معطل کی جانے والی سروسز میں بلوچستان کے وہ علاقے شامل ہیں جہاں امن و امان کی صورتحال حساس ہے۔
جن علاقوں میں موبائل انٹرنیٹ بند کیا گیا ہے ان میں گوادر، کیچ، آواران، خضدار، قلات، زیارت، ہرنائی، دکی، لورالائی، پشین، قلعہ سیف اللہ، ژوب اور موسیٰ خیل شامل ہیں۔ ان علاقوں کے مقامی حکام نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اچانک انٹرنیٹ سروسز مکمل طور پر بند کر دی گئی ہیں۔
یاد رہے کہ ان علاقوں میں حالیہ دنوں میں دہشت گردی کے متعدد واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے باعث حکومت نے امن و امان کی بحالی کے لیے یہ سخت اقدام اٹھایا ہے۔