وزارتِ داخلہ نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو خط لکھتے ہوئے غیر قانونی وی پی اینز (ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورکس) کو بند کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزارتِ داخلہ کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ دہشت گرد وی پی اینز کا استعمال کر کے بینک ٹرانزیکشنز اور دہشت گردی میں مدد حاصل کرتے ہیں، اور اس کے ذریعے وہ اپنی شناخت اور بات چیت کو چھپاتے ہیں۔
وزارتِ داخلہ کے مطابق غیر قانونی وی پی اینز نہ صرف دہشت گردوں کے لئے ایک محفوظ راستہ فراہم کرتے ہیں بلکہ ان کا استعمال فحاشی اور توہین آمیز مواد تک رسائی کے لئے بھی کیا جاتا ہے۔
ان وجوہات کی بنا پر وزارتِ داخلہ نے پی ٹی اے کو حکم دیا ہے کہ ان وی پی اینز کو فوری طور پر بند کیا جائے تاکہ ملک کی سکیورٹی اور اخلاقی اقدار کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔