لاہور میں ایل پی جی 350 روپے فی کلو میں فروخت ہونے لگی۔
چیئرمین ایل پی جی ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق شہر میں گیس کی بلیک مارکیٹنگ بدستور جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ اس معاملے پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے اور کسی بھی بلیک مارکیٹنگ کرنے والے کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا جا رہا۔
ایل پی جی ڈیلرز ایسوسی ایشن نے بتایا کہ لاہور میں ایل پی جی کی قیمت 350 روپے فی کلو سے تجاوز کر گئی ۔ ایل پی جی کی قیمت سرکاری نرخوں سے کہیں زیادہ ہو چکی ہے اور کہیں بھی ایل پی جی سرکاری قیمت پر دستیاب نہیں ہے۔ پہاڑی علاقوں میں ایل پی جی کی قیمت 400 روپے فی کلومیں بھی فروخت ہورہی ہے۔
واضح رہے کہ اوگرا کی جانب سے نومبرکیلئے ایل پی جی کی سرکاری قیمت 254.19مقرر کی گئی تھی۔31اکتوبر کو اوگرا کی جانب سے فی کلو ایل پی جی کی قیمت میں 2روپے 88پیسے کا اضافہ کیا گیا تھا۔ گھریلو سلینڈر کی قیمت میں 34روپے 9پیسے کا اضافہ ہوا تھا۔ نومبر کیلئے گھریلو سلینڈر کی قیمت 2 ہزار 999روپے 47 پیسے مقرر کی گئی تھی۔