اسلام آباد: وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی زیرصدارت نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا اعلی سطحی اجلاس میں این ایچ اے میں کرپشن کے خلاف آپریشن کلین اپ کا فیصلہ کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے زیرو ٹالرنس، کرپٹ افسران و اہلکار کے خلاف بلا امتیاز سخت کاروائی کا حکم دے دیا۔ انہوں نے بد عنوانی اور کرپشن میں ملوث افسران واہلکاروں کو نوکریوں سے فارغ کرنے اورقانونی کاروائی کرنےکی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں چاروں صوبوں میں این ایچ اے کے زیر تکمیل منصوبوں پرغوراورکام کی رفتار بڑھانے سمیت اہم فیصلے کئے گئے۔ اسی طرح بیلا سے آواران اور ژوب سے لورالائی کی شاہراہوں کی تعمیر پرغورکرنے، کالاشاکاکو سے ملتان روڈ نئے بائی پاس اور سگیاں سے راوی پل تک سڑکوں کی تعمیر کا بھی جائزہ لیا گیا۔ این ایچ اے کے مارگلہ ہائی وے کی توسیع اور ایم ون سے منسلک کرنے کا منصوبہ کا بھی زیر غور ایا۔ چئیرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے وفاقی وزیر مواصلات کو اہم محکمانہ امور پر بریفنگ دی۔ وفاقی وزیرعبدالعلیم خان نے اجلاس کو بتایا کہ این ایچ اے موٹرویز پر بیرئیرز ختم کرنے اورالیکٹرانک ٹول پلازوں کی تجویز کے منصوبے پر کام کرے۔اسی طرح تمام شاہراہوں اور موٹرویز کو کیمروں اور سی سی ٹی وی سے منسلک کیا جائے۔