وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے سموگ کے معاملے پر بھارت کو خط لکھنے کا اشارہ دیے جانے پر بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ نے بھی ردعمل دے دیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان کہہ رہے ہیں کہ پاکستان میں پنجاب کی وزیر اعلیٰ کہتی ہیں کہ میں خط لکھوں گی کہ آپ کا دھواں لاہور آتا ہے۔
بھگونت مان کاکہنا تھا کہ دوسری جانب دہلی والے کہتے ہیں کہ تمہارا دھواں دہلی آتا ہے، تو کیا ہمارا دھواں چکر لگاتا رہتا ہے؟
خیال رہے کہ بھارتی پنجاب اور ہریانہ میں چاول کی فصل کی کٹائی کے بعد کسانوں کی جانب سے فصلوں کی باقیات کو آگ لگا دی جاتی ہے جس سے اٹھنے والا دھواں اطراف کے علاقوں میں آلودگی کا سبب بنتا ہے۔
گزشتہ دنوں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سموگ کے معاملے پر بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ کو خط لکھنے کا عندیہ دیا تھا۔
لاہور میں تقریب سے خطاب میں مریم نواز نے کہا تھا کہ لاہورمیں آج کل سموگ کا مسئلہ ہے،جب تک دونوں پنجاب مل کراقدام نہیں کرتے ہم سموگ سے نہیں لڑ سکتے اور اس معاملے پر بھارت کے ساتھ ڈپلومیسی کی ضرورت ہے، سموگ کا مسئلہ سیاسی نہیں انسانی ہے۔