ایپل کی جانب سے آئی فون ایس ای 4 کو مارچ 2025 میں متعارف کرایا جائے گا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک نئی لیک میں بتایا گیا کہ ایپل کی جانب سے آئی فون ایس ای 4 کو متعارف کرانے کے لیے تیاریاں تیز کر دی گئی ہیں۔
لیک میں بتایا گیا کہ آئی فون ایس ای 4 کے نئے ورژن کے لیے کیمرا موڈیول کی پروڈکشن دسمبر 2024 میں شروع ہو رہی ہے جس سے یہ عندیہ ملتا ہے کہ یہ نیا اسمارٹ فون 2025 کی پہلی سہ ماہی کے دوران متعارف کرایا جاسکتا ہے۔
آئی فون ایس ای 4 اس سیریز کے دیگر ماڈلز سے بالکل مختلف ہوگا اور دیکھنے میں آئی فون 14 جیسا ہوگا۔
اس نئے ماڈل میں ہوم بٹن کو ہٹا دیا جائے گا جبکہ اسکرین پر فرنٹ کیمرا نوچ ڈیزائن میں دیا جائے گا، ایک اور لیک میں بتایا گیا کہ فون کے اندر ایپل کا نیا اے 18 پراسیسر موجود ہوگا جسے آئی فون 16 کا حصہ بنایا گیا ہے۔
اس اپ گریڈ سے فون کی کارکردگی بہتر ہوگی جبکہ اس میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس فیچرز بھی صارفین کو دستیاب ہوں گے، اگر یہ لیک درست ہوئی تو یہ ایپل کا سستا ترین اے آئی فون ہوگا۔
مختلف رپورٹس کے مطابق اس نئے ماڈل میں 6.06 انچ کا او ایل ای ڈی ڈسپلے دیا جائے گا، فون کے بیک پر 48 میگا پکسل کیمرا دیے جانے کا امکان ہے جبکہ فرنٹ میں 12 میگا پکسل کیمرا موجود ہوگا۔
اس نئے ماڈل کی بیٹری بھی پہلے سے زیادہ بڑی ہوگی جبکہ وائی فائی 6، بلیو ٹوتھ 5.3 اور 5 جی سپورٹ بھی دستیاب ہوگی۔
چارجنگ کے لیے یو ایس بی سی پورٹ ڈیوائس کا حصہ بنائی جا رہی ہے اور ممکنہ طور پر وائرلیس چارجنگ سپورٹ بھی پہلی بار ایس ای سیریز میں دی جاسکتی ہے۔